رام اللہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) تنظیم آزادی فلسطین کے ایک سینیر عہدیدار نے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں مسجد ابراہیمی کے قریب اسرائیلی پولیس کے مرکز کے قیام کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اسرائیل نے الخلیل شہر میں بڑے پیمانے پر توسیع پسندی اور صیہونی آباد کاری جاری رکھی ہوئی ہے جس پر اسے آفت زدہ علاقہ قرار دیا جانا چاہیے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ’پی ایل او‘ کے پیپلز کمیٹیز کے سیکرٹری جنرل انجینیر عزمی الشیوخی نے رام اللہ میں ایک بیان میں کہا کہ مسجد ابراہیمی کے قریب ایک اسرائیلی پولیس سینٹر کا قیام شہر میں صیہونی آباد کاری کی توسیع کا ایک نیا حربہ ہے۔ ہم اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پولیس سینٹر ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔خیال رہے کہ اسرائیلی پولیس نے مسجد ابراہیمی کے قریب 1948ء کے بعد پہلی بار پولیس کا مرکز قائم کیا ہے۔ گذشتہ روز اس پولیس سینٹر کے افتتاح کے موقع پر اسرائیلی داخلی سلامتی کے وزیر گیلاد اردان اور انسپکٹر جنرل پولیس رونی الشیخ بھی موجود تھے۔
عزمی الشیوخی نے کہا کہ صیہونی ریاست مختلف حیلوں اور حربوں کی مدد سے الخلیل شہر کو صیہونی آبادی کا گڑھ بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ اسرائیلی آباد کاری کی سرگرمیوں کے باعث الخلیل شہر کو آفت زدہ شہر قرار دیا جانا چاہیے۔