الخلیل (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے ایک سرکردہ انسانی حقوق کارکن فرید الاطرش نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی کے محصور عوام کی حمایت کے لیے آواز بلند کرنے پرسنگین نتائج اور قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ’فری کمیٹی برائے انسانی حقوق‘ کے ڈائریکٹر فرید الاطرش نے سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ ’فیس بک‘ پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ انہیں نامعلوم اطرف سے غزہ کے عوام کی حمایت اور پابندیوں کے خاتمے کے لیے آواز اٹھانے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔الاطرش کا کہنا ہے کہ وہ متعدد بار غزہ کی پٹی پر فلسطینی اتھارٹی کی عائد کردہ پابندیوں کی مذمت کرچکےہیں۔ ان کےخلاف مخصوص لابی کے حامی سوشل میڈیا نے منظم انداز میں شرانگیز مہم شروع کر رکھی ہے۔
الاطرش کا کہنا ہے کہ غزہ کے عوام کی حمایت کرنے پران کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
انسانی حقوق کارکن کا کہنا تھا کہ مجھے دھمکیاں دینے والوں میں فلسطینی اتھارٹی کے عناصر اور صیہونی حکام دونوں ہوسکتےہیں کیونکہ میں غزہ پر پابندیوں کے خلاف اسرائیل اور فلسطینی اتھارٹی دونوں کو تنقید کا نشانہ بنا چکا ہوں۔