غزہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) دو ہفتے قبل فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا ایک فلسطینی شہری موت وحیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد گذشتہ روز دم توڑ گیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ نے بتایا کہ رفح سے تعلق رکھنے والے ناجی میسرہ عبداللہ غنیم کو اسرائیلی فوج نے دو ہفتے قبل پرامن واپسی مارچ کے دوران گولیاں مار کر شدید زخمی کردیا تھا۔ اسے علاج کے لیے القدس لے جایا گیا جہاں وہ گذشتہ روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔شہید کا جسد خاکی گذشتہ شام اس کے آبائی علاقے رفح لے جایا گیا جہاں پولیس لائن کے قریب نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد اسے سپرد خاک کردیا گیا۔
خیال رہے کہ تیس مارچ کے بعد اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائیوں میں 125فلسطینی شہید اور ہزاروں کی تعداد میں زخمی ہوچکے ہیں۔