غزہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) حماس نےکویت کی جانب سے سلامتی کونسل میں فلسطینی تحریک مزاحمت کی مذمت میں پیش کی گئی امریکی اور اسرائیلی قرارداد کو ناکام بنانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کویت کے جاندار سفارتی کردار کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کے سیاسی شعبے کے سینیر رکن عزت الرشق نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حماس برادر ملک کویت کی سلامتی کونسل میں فلسطینیوں کی حمایت میں مساعی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ کویت نے سلامتی کونسل میں امریکا کی طرف سے فلسطینی مزاحمت کاروں اور غزہ کی پٹی کے فلسطینی مجاھدین کی کارروائیوں کو اشتعال انگیز قرار دینے کے بیان کو ناکام بنا کر یہ ثابت کیا ہے کہ کویت کی حکومت فلسطینی قوم کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امیر کویت کی جانب سے غزہ میں فلسطینی مزاحمت کاروں کو دہشت گرد قرار دینے پر مبنی بیان روکنے میں اہم کرادار ادا کیا اور انہوں نے فلسطینیوں کی مسلح جدو جہد کو عالمی فورم پر تسلیم کرایا ہے۔
انہوں نے تمام عرب اور مسلمان ممالک پر زور دیا کہ وہ سلامتی کونسل مین فلسطینی قوم کے حقوق اور ان کی تحریک آزادی کی مکمل حمایت کریں اور کویت کو اپنے لیے ایک مشعل راہ بنائیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز سلامتی کونسل کے اجلاس میں ایک بیان کا مسودہ تقسیم کیا گیا جس میں غزہ کی پٹی میں فلسطینی مزاحمت کاروں کی مذمت اور ان کی مزاحمتی کارروائیوں کو اشتعال انگیزی قرار دیا گیا تھا تاہم کویت نے اس موقع پر سفارتی کردار ادا کرتے ہوئے فلسطینی مزاحمت مخالف بیان جاری کرانے سے روک دیا۔
یہ بیان ایک ایسے وقت میں روکا گیا ہے جب دوسری طرف غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج نے وحشیانہ حملے کیے اور اس کے جواب میں فلسطینی مزاحمت کاروں نے راکٹ داغے تھے۔ امریکا نے اسرائیل پر راکٹ باری کا ذمہ دار حماس کو ٹھہرایا ہے۔