غزہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) نے کہا ہے کہ اسرائیل میں امریکی سفیر ڈیوڈ فریڈمین مسجد اقصیٰ کو شہید کرنے کی صیہونی شرمناک اور اشتعال انگیز مہم میں پیش پیش ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کے ترجمان فوزی برھوم نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی میڈیا میں شائع ہونے والی تصویر اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ فریڈمین صیہونیوں کا مشن آگے بڑھا رہے ہیں۔ وہ انتہا پسند یہودیوں کے ساتھ مل کر مسجد اقصیٰ اور حرم قدسی کو شہید کرنے اور اس کی جگہ مذعومہ ہیکل سلیمانی کی تعمیر کی راہ ہموار کررہے ہیں۔فوزی برھوم نے کہا کہ صیہونی۔ امریکی شراکت انتہائی خطرناک ہے اور اسرائیل امریکا کی موجودہ حکومت کے ساتھ مل کر فلسطینیوں پر مذہبی جنگ مسلط کرنے کی مذموم کوشش کررہی ہے۔ ترجمان نے امریکی سفیر کو صیہونیوں کا علم بردار قرار دیا اور کہا کہ ڈیوڈ فریڈ مین اسرائیل میں صیہونیوں کے مذموم عزائم کی تکمیل میں ان کی مدد کررہے ہیں۔
حماس نے امریکا اور صیہونیوں کے گٹھ جوڑ سے قبلہ اوّل کو لاحق خطرات کے تدارک کے لیے عالم اسلام کو فوری اقدامات پر زور دیا اور کہا کہ امریکا اور صیہونیوں کی مذموم حکمت عملی روکنے کے لیے مسلم دنیا کو فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی ذرائع ابلاغ میں ایک تصویر شائع ہوئی جس میں امریکی سفیر کو ایک پورٹریٹ اٹھائے دیکھا جاسکتا ہے جس میں مسجد اقصیٰ کی جگہ ہیکل سلیمانی کا نقشہ ہے۔ اس تصویر میں فریڈمین ہیکل سلیمانی کو دیکھ کر مسکرا رہے ہیں۔ اس تصویر پر فلسطینی سیاسی، دینی اور عوامی حلقوں میں شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔