برسلز ( فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) یورپی یونین نے شمالی فلسطین کے شہر حیفا میں دو روز قبل اسرائیلی پولیس کے پرامن مظاہرین پر وحشیانہ تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے مظاہرین پر تشدد کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق یورپی یونین کے خارجہ امور کے ترجمان نے برسلز میں ایک بیان میں کہا کہ حیفا شہر میں اسرائیلی پولیس نے پرامن مظاہرین پر ہولناک تشدد کیا اور انسانی حقوق کی پامالی کی گئی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ انسانی حقوق کے دفاع کے لیے پرامن مظاہرے کرنے والوں پراسرائیلی پولیس کا تشدد خود انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی سنگین پامالی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حکام نے انسانی حقوق کے مندوب عمر شاکر کا پاسپورٹ منسوخ کیا حالانکہ وہ انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس واچ کے فلسطین میں مندوب ہیں۔ بیان میں کہا گیاہے کہ یورپی یونین کو توقع ہے کہ اسرائیلی پولیس پرامن مظاہرین کے حقوق کی پامالیوں اجتناب کرے گی۔
خیال رہے کہ تین روز قبل اسرائیلی پولیس نے حیفا شہر میں غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کے تشدد سے نہتے فلسطینیوں کے قتل عام کے خلاف ہونے ولے مظاہرے پر وحشیانہ تشدد کیا اور کئی مظاہرین کو حراست میں لے لیا تھا۔ گرفتار کیے گئے فلسطینیوں کے خلاف عدالتوں میں مقدمات چلانے کی کوششیں کی جا رہیÂ ہیں۔