انقرہ ( فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) ترکی نے اسرائیل کے سفارت کار کو میڈیا کی موجودگی میں ایئرپورٹ سے بے دخل کردیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق غیر ملکی خبر رساں ادارے نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ فلسطین میں اسرائیلی بربریت کے تازہ واقعات کے بعد ترکی اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے اور امریکا کی جانب سے اپنا سفارتخانہ مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے کے بعد ترکی نے اپنا سفیر فوری طور پر واپس بلاتے ہوئے اپنے ملک سے اسرائیلی سفارت کار کو چلے جانے کا حکم دیا۔ترکی نے اسرائیلی سفارت کار کی ملک بدری کے واقعے کی کوریج کے لیے میڈیا کو بلوالیا اور اسرائیلی سفارت کار کی عام افراد کی طرح تلاشی لے کر ایئرپورٹ سے روانہ کردیا جب کہ یہ مناظر براہ راست دکھائے گئے۔
دوسری جانب امریکی سفارت خانے کی تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقلی کے خلاف عالمی سطح پر احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور کل تہران میں امریکہ کے سابق جاسوسی کے اڈے پر تہران کے طلباء اورعوام کی بڑی تعداد نے احتجاجی مظاہرے کئے جبکہ غزہ اور فلسطین کے دوسرے علاقوں میں فلسطینی خواتین، بزرگ اور بچوں نے بھرپور احتجاج کیا اور اسرائیل و امریکی گٹھ جوڑ کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے غزہ کی سرحد پر پہنچ گئے، قابض اسرائیلی فوج نے مظاہرین پر براہ راست فائرنگ کر کے 68 افراد کو شہید اور 3 ہزار افراد کو زخمی کردیا تھا، فلسطین میں گزشتہ روز یوم سقوط فلسطین منایا گیا۔
واضح رہے کہ ایران فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز اُٹھانے والی سب سے موثر آواز ہے، ایران نے دنیا کے ہر بڑے فورم پر اسرائیلی بربریت کے خلاف صدائے احتجاج بلند کیا جبکہ ترکی نے او آئی سی کا اجلاس طلب کررکھا ہے۔