نابلس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطین کے علاقے غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں ایک فلسطینی شہری نے اپنی گاڑی کی ٹکر سے ایک اسرائیلی فوجی کو زخمی کردیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج کی طرف سے ’ٹوئٹر‘ اکاؤنٹ پر جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ نابلس میں ایک فلسطینی نوجوان نے شافی شومرون نامی صیہونی کالونی کے قریب اسرائیلی فوجیوں پر گاڑی چڑھا دی جس کے نتیجے میں ایک فوجی اہلکار کو زخم ائے ہیں۔ زخمی اسرائیلی فوجی کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ فلسطینی شہری گاڑی سمیت فرار ہوگیا تاہم اس کی تلاش جاری ہے۔خیال رہے کہ شافی شمرون صیہونی کالونی غرب اردن کے شہر نابلس میں واقع ہے۔