مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل میں عوامی سطح پر بھی انتہا پسندانہ رحجانات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ رائے عامہ کے ایک تازہ جائزے میں بتایا گیا ہے کہ صیہونیوں کی اکثریت غزہ کی پٹی میں حق واپسی کے لیے تحریک چلانے والے پُرامن فلسطینی مظاہرین کے اجتماعی قتل عام کی حامی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیل کے ایک عبرانی ٹی وی چینل پر کیے گئے سروے میں رائے دینے والے 83 فی صد صیہونی آباد کاروں نے کہا کہ مشرقی غزہ میں اسرائیلی فوج کی فلسطینی مظاہرین پر فائرنگ اور طاقت کا استعمال’درست‘ ہے۔رپورٹ کے مطابق 71 فی صد غزہ کے عوام پر عائد کردہ پابندیوں اور ناکہ بندی میں نرمی کے خلاف ہیں۔ امریکی سفارت خانے کی القدس منتقلی کے سوال پر 63 فی صد نے سفارت خانے کی منتقلی کی حمایت کی۔
سینتالیس فی صد کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ کے امکانات ہیں جب کہ 40 فی صد کا کہنا ہے کہ ایران اور اسرائیل میں جنگ کا امکان کم ہے۔ جنگ کی صورت میں 64 فی صد کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی کامیابی کے امکانات زیادہ ہیں۔