بیت لحم (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صیہونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر بیت لحم میں الخضر قصبے کی وسیع اراضی پر قبضے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مقامی تجزیہ نگار اور صیہونی توسیع پسندی کے خلاف سرگرم کمیٹی کے سربراہ احمد صلاح نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے صلاح اور صبیح خاندانوں کی ملکیتی 42 دونم اراضی فوجی مقاصد کے لیے غصب کرنے کا نوٹس جاری کیا ہے۔اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج کی طرف سے شہر کی وسیع زرعی اور زخیز اراضی پر قبضے کی اسکیم ایک ایسے وقت میں تیار کی گئی ہے جب دوسری طرف نام نہاد اسرائیلی سول انتظامیہ نے بھی برک سلیمان کی طرف جانے والی شاہراہ اور ایک بڑا چوک قائم کرنے کے لیے فلسطینی اراضی پہلے ہی غصب کررکھی ہے۔
احمد صلاح نے کہا کہ صیہونی فوج اور سول انتظامیہ ایک منظم منصوبے کے تحت ام رکبہ اور خربہ علیا کی اراضی پر قبضہ کررہی ہے۔ اس قبضے کا مقصد صیہونی توسیع پسندی کے منصوبوں کو آگے بڑھانا ہے۔
