مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں ایک کارروائی کے دوران بیت عنان کے مقام پر واقع ایک پریس (چھاپہ خانہ) مسمار کردیا۔ کارروائی سے قبل پریس سینٹر میں موجود مشینری اور کمپیوٹر قبضے میں لے لیے گئے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مطبع کے ڈائریکٹر رجائی حمید نے بتایا کہ اسرائیلی فوج اور پولیس کی بھاری نفری نے اتوار کو مقامی وقت کے مطابق صبح چھ بجے ان کے پریس خانے کا محاصرہ کیا۔ انہوں نے وہاں پر چھپائی کے لیے رکھی گئی لاکھوں شیکل مالیت کی مشینری اور کمپیوٹر قبضے میں لے لیے۔ بعد ازاں اس کے ایک بڑا حصہ گرا دیا گیا۔خبر رساں ایجنسی ’وفا‘ سے بات کرتے ہوئے حمید نے کہا کہ اسرائیلی حکام کی طرف سے انہیں آج ہی ایک نوٹس بھی ملا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پریس کو غیرمعینہ مدت کے لیے بند کردیا گیا ہے۔
ادھر آج اتوار کو اسرائیلی فوج نے غرب اردن اور بیت المقدس میں تلاشی کی مہمات کے دوران 19 فلسطینیوں کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔