غزہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں قائم الاقصیٰ یونیورسٹی میں تحریک فتح کے دو گروپوں میں تصادم کے دوران دونوں طرف سے ایک دوسرے پر کرسیوں سے حملہ کیا گیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز غزہ کی جامعہ الاقصیٰ میں صدر محمود عباس کے حامی گروپ اور منحرف لیڈر محمد دحلان کے حامی طلباء نے ایک دوسرے پر کرسیوں کا استعمال کیا۔یونیورسٹی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تحریک فتح کے دونوں گروپوں میں یہ تصادم اس وقت ہوا جب جامعہ میں سالانہ تقریب کی تیاری جاری تھی۔ طلباء میں تصادم کے بعد تقریب ملتوی کردی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق تصادم اس وقت ہوا جب محمد دحلان کے حامی طلباء نے فارغ التحصیل ہونے والے طلباء کے اعزاز میں تقریب منعقد کرنے کی کوشش کی۔
نامہ نگار کے مطابق محمود عباس کے حامی اور مںحرف لیڈر محمد دحلان کے حامی طلباء میں دو روز قبل غزہ کی خان یونس یونیورسٹی میں بھی ایسا ہی تصادم ہوا تھا۔