غزہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی دھڑوں کے درمیان مصالحتی امور پر بات چیت کے لیے مصر کا ایک اعلیٰ سطحی وفد گذشتہ روز غزہ کی پٹی پہنچا۔ وفد غزہ میں اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کی قیادت سے بات چیت کرے گا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مصالحتی مشن پرغزہ آنے والے مصری سیکیورٹی وفد کی قیادت فلسطین سےمتعلق امور کے سربراہ میجر جنرل سامح نبیل کررہے ہیں۔وفد کے ایک رکن عادل عبدالرحمان نے غزہ پہنچنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئےکہا کہ مصری انٹیلی جنس چیف برائے فلسطینی امور میجر جنرل سامح حماس کی قیادت سے ملاقات میں فلسطینی قومی مفاہمت کے معاملے پر تبادلہ خیال کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ جنرل سامح نبیل رام اللہ سے بیت حانون گذرگاہ سے غزہ آئے ہیں۔
خیال رہے کہ مصر کی زیرنگرانی فلسطینی دھڑوں میں مصالحتی عمل کی کوششیں گذشتہ سال سے جاریÂ ہیں مگر فلسطینی اتھارٹی کے غیر لچک دار رویے اور صدر محمود عباس کی مصالحت دشمن پالیسی کی وجہ سے یہ کاوشیں تا حال بار آور ثابت نہیں ہوسکی ہیں۔