غزہ ( فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) غزہ میں ہزاروں فلسطینوں نے چھ ہفتے پر مشتمل احتجاج کے آغاز میں سنہ 1948ء کے مقبوضہ فلسطین کی طرف مارچ کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق چھ مقامات پر فلسطینی مظاہرین نے سرحد کی طرف مارچ کیا۔ صیہونی فوج نے نہتے فلسطینی مظاہرین پر براہ راست فائرنگ شروع کی ہے، جس کے نتیجے میں کم سے کم چار فلسطینی شہید اور ہزاروں زخمی ہوگئے ہیں۔غزہ وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اب سے کچھ دیر قبل تک اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے چار فلسطینی مظاہرین شہید اور 356 زخمی ہو چکے ہیں۔ شہداء کی شناختÂ وحيد نصر الله أبو سمور، محمد كمال النجار، محمود أبو معمر اور محمد أبو عمر کے ناموں سے کی گئی ہے۔
فلسطینیوں نے سرحد کے قریب پانچ مقامات پر احتجاجی کیمپ قائم کیے ہیں۔ انھوں نے اس مارچ کو ‘واپسی کے لیے عظیم الشان ملین مارچ’ کا نام دیا ہے۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق پانچ افراد اسرائیلی شیلنگ سے زخمی ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ آنسو گیس بھی پھینکی گئی ہے۔ فلسطینیوں کی جانب سے اسرائیلی سرحد کے ساتھ چھ ہفتوں تک جاری رہنے والے مظاہروں کی کال کے بعد سے اس علاقے میں حالات پہلے ہی کشیدہ ہیں۔