رام اللہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطن کے مقبوضہ علاقوں غرب اردن اور بیت المقدس میں اسرائیلی فوج کی گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران مزید 17 فلسطینیوں کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران ڈیڑھ درجن فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں سے بعض فلسطینی نوجوان فوج کو پہلے ہی مختلف کارروائیوں میں مطلوب تھے۔ ان پر صیہونی آباد کاروں اور اسرائیلی فوجیوں پر حملوں کا الزام عائد کیا گیا تھا۔اسرائیلی فوج کے دعوے کے مطابق شمالی بیت المقدس میں الرام کے مقام پر تلاشی کے دوران ایک گھر سے پستول بھی برآمد ہوا ہے۔
قدس پریس کے مطابق شمالی بیت المقدس میں الرام کے علاوہ کئی دوسرے مقامات پر فلسطینیوں کے گھروں پر چھاپے مارے اور متعدد شہریوں کو حراست میں لے لیا۔
اسرائیلی فوج نے غرب اردن کے وسطی شہر رام اللہ میں بدرس کے مقام پر، بیت لحم اور اریحا میں عقبہ کیمپ سے متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔
بیت المقدس میں العیزریہ کے مقام پر تلاشی کےدوران تین فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے لیا۔
ادھر غرب اردن کے شمالی علاقے طوباس میں ایک کارروائی کے دوران بھی اسرائیلی فوجیوں نے متعدد افراد کو حراست میں لیا۔