مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کے کثیرالاشاعت عبرانی اخبار ’یدیعوت احرونوت‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ فوج نے ریزرو فوجی یونٹوں میں کام کرنے والے افسروں اور سپاہیوں کی سالانہ سروس زیادہ سے زیادہ دس دن کردی ہے۔ اس کمی کا مقصد فوجی بجٹ پر پڑنے والے بوجھ کو کم کرنا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کنیسٹ کی خارجہ وسیکیورٹی کمیٹی میں پیش کی گئی شکایات پر بحث کی گئی۔ ان شکایات میں کہا گیا ہے کہ فوج نے ریزرو فوجی افسروں اور سپاہیوں کی سالانہ سروس زیادہ سے زیادہ دس دن کردی ہے، جب کہ ماضی میں یہ سروس کم سے کم دس دن تھی اور زیادہ کی کوئی قید نہیں تھی۔رپورٹ کے مطابق فوج کا کہنا ہے کہ ریزرو فوج کی سالانہ سروس کی مدت میں کمی کا مقصد سالانہ لاکھوں شیکل کے بجٹ کی بچت کرنا ہے۔
اسرائیلی کنیسٹ کی خارجہ وسیکیورٹی کمیٹی کے چیئرمین آوی دیختر نے فوج کو مندوبین کو کمیٹی میں طلب کیا اوران سے اس حوالے سے سوال جواب کیے ہیں۔ فوجی حکام کا موقف ہے کہ ریزرو فوج کی مدت ملازمت میں کمی کا مقصد بجٹ پر پڑنے والے بوجھ کو کم کرنا ہے۔
