رام اللہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صیہونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں گھر گھر تلاشی کی تازہ کارروائیوں کے دوران 12 فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے لیا۔ دوسری جانب صیہونی فوج نے گھروں میں تلاشی کی آڑ میں قیمتی سامان کی توڑپھوڑ اور بڑے پیمانے پر لوٹ مار کی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق سوموار کو اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تازہ کارروائیوں کے دوران 12 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ ان میں سے بعض فلسطینی اسرائیلی فوج کو مزاحمتی کارروائیوں میں پہلے ہی مطلوب تھے اور ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے تھے۔رپورٹ کے مطابق نابلس میں راس العین، کروم عاشور، خلہ العامود، پرانے شہر اور شاہراہ عمان پر اسرائیلی فوج کی چھاپہ مار کارروائی کے خلاف فلسطینی سڑکوں پر نکل آئے۔اس موقع پر فلسطینی مظاہرین اور اسرائیلی فوج میں جھڑپ بھی ہوئی۔ اسرائیلی فوج نے نماز فجر کے بعد شہریوں کے گھروں میں گھس کرانہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ صیہونی فوج نے دو سابق اسیران ادھم خشانہ اور ناصر الحلاوہ گھس کر لوٹ اور توڑپھوڑ کی۔ اس موقع پرمشتعل فلسطینیوں نے صیہونی فوج پر سنگ باری کی۔
صیہونی فوج نے فلسطینی شہریوں پر براہ راست فائرنگ، صوتی بموں، آنسوگیس کی شیلنگ کے ساتھ دیگر پر تشدد حربے استعمال کئے۔
ادھر الخلیل میں العروب کے مقام پرنماز فجر کے بعد اسرائیلی فوج نے ایک کارروائی کے دوران نادر عویضات، منیب ابراہیم غنیمات اور صوریف سے سیف ابو زینہ، جنین کے یعبد اور کفر راعی قصبوں سے دو فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔ صیہونی فوج نے ولید ابو بکر نامی فلسطینی نوجوان کے گھر میں گھس کر اس کی موٹرسائیکل ضبط کرنے کے ساتھ بڑے پیمانے پر لوٹ مار کی۔
