مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیل کی مرکزی عدالت نے زیرحراستÂ فلسطینی نژاد فرانسیسی اور انسانی حقوق کارکن صلاح حسن الحموری کی مدت حراست میں مزید چار ماہ کی توسیع کردی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فرانسیسی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں الحموری کی انتظامی قید میں توسیع پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے ان کی فورہی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ صلاح حسن الحموری کی تمام درخواستوں اور حراست سے متعلق بیانات کا احترام کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ صلاح الحموری کو اسرائیلی فوج نے 23 اگست 2017ء کو بیت المقدس میں واقع ان کے گھر سے حراست میں لیا تھا۔
یہ ان کی پہلی گرفتاری نہیں بلکہ وہ ماضی میں چھ سال تک اسرائیلی جیلوں میں قید کاٹ چکے ہیں۔
خیال رہے کہ انتظامی حراست کی پالیسی کے تحت اسرائیل کسی بھی فلسطینی کو محض شبے کی بنیاد پر گرفتار کرکے دو سے چھ ماہ کی قابل توسیع قید کی سزائیں دیتا ہے۔
بعد ازاں اس قید میں بار بار توسیع کی جاتی ہے۔ بعض فلسطینی کئی کئی سال تک انتظامی حراست کی پالیسی کے تحت پابند سلاسل رہ چکے ہیں۔ اس وقت بھی اسرائیلی زندانوں میں 500 فلسطینی انتظامی حراست کی ظالمانہ پالیسی کے تحت پابند سلاسل ہیں۔
