نابلس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) امریکی صدر کی جانب سے امریکی سفارتخانے کی بیت المقدس منتقلی کے فیصلے کے خلاف 13 ویں جمعۃ الغضب پر قابض اسرائیلی فوج کے ساتھ مقبوضہ مغربی کنارے میں تصادم کے نتیجے میں درجنوں فلسطینی مظاہرین زخمی ہوگئے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مسجد اقصیٰ میں ہزاروں نمازیوں نے نماز جمعہ میں بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر مسجد اقصیٰ کے مبلغ اسماعیل نواحدہ نے جمعہ کے خطبے میں اسرائیلی جارحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے فلسطینیوں کو ثابت قدم رہنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر نابلس میں درجنوں فلسطینی شہریوں نے الشہداء چوک پر نماز جمعہ ادا کی۔ نابلس کے مفتی شیخ احمد شوباش نے امریکی انتظامیہ کے فیصلے کی مذمت کی۔
کفر قلیل اور بیتا کے قصبات میں درجنوں فلسطینی نوجوان اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپوں کے نتیجے میں زخمی ہوگئے۔ اس کے علاوہ بلعین قصبے میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں پانچ فلسطینی زخمی ہوگئے۔
الولاجہ قصبے میں اسرائیلی فوج کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ کے نتیجے میں متعدد افراد کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
مقامی ذرائع کے مطابق قلقلیہ شہر میں بھی اسرائیلی فوج کی جارحیت کے نتیجے میں درجنوں فلسطینی نوجوان زخمی ہوگئے تھے۔
