نیویارک (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) منگل کو تنازع فلسطین پرغور کے لیے سلامتی کونسل کا خصوصی اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ یہ اجلاس اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیریس کی زیرصدارت منعقد ہوگا۔ اجلاس میں فلسطینی صدر محمود عباس بھی شرکت کریں گے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ’یو این‘ سیکرٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن ڈوگریک نے نیویارک میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ منگل کے روز فلسطینی صدر محمود عباس یو این سیکرٹری جنرل سے خصوصی ملاقات بھی کریں گے۔ دوطرفہ ملاقات میں فلسطین کی موجودہ صورت حال اور فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان امن مساعی کی بحالی کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔رواں ماہ کے اوائل میں عالمی سلامتی کونسل کے چیئرمین منصور العتیبی نے پریس سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ 20 فروری منگل کو نیویارک میں ہونے والے سلامتی کونسل کے اجلاس میں صدر محمود عباس کو بھی مدعو کیا گیاÂ ہے۔
العتیبی کا کہنا تھا کہ توقع ہے کہ محمود عباس اقوام متحدہ کے خصوصی اجلاس کے دوران فلسطین کی تازہ ترین صورت حال بالخصوص امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دیے جانے کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر تفصیلی بات چیت کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ 22 فروری جمعرات کے روز سلامتی کونسل کا غیر رسمی اجلاس ہوگا۔ اس اجلاس کے لیے ’اسرائیلی قبضے کے 50 سال بعد‘ کا عنوان چنا گیا ہے جس میں مقبوضہ فلسطین اور غزہ کی پٹی کے علاقوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔
