مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی وزیر دفاع آوی گیڈور لائبرمین نے فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے ملنے والے سیکیورٹی تعاون کی تحسین کی ہے اور کہا ہے کہ رام اللہ اتھارٹی کےساتھ سیکیورٹی سے متعلق تعاون مزید گہرا کیا جائے گا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ایک بیان میں اسرائیلی وزیردفاع آوی گیڈور لائبرمین نے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی کے ساتھ اسرائیل کا سیکیورٹی تعاون اب بھی برقرار اور گہرا ہے۔ اس کی تازہ مثال جنین شہر میں فلسطینی مظاہرین میں گھرے دو اسرائیلی فوجیوں کو بچا کر انہیں بہ حفاظت اسرائیل کے حوالے کرنے سے ہوتا ہے۔عبرانی ریڈیو پر نشر ایک بیان میں لائبرمین نے کہا کہ فلسطینی جانتے ہین کہ سیکیورٹی تعاون دوطرفہ مفاد اور مشترکہ ضرورت ہے۔ یہ تعاون نہ صرف جاری رہنا چاہیے بلکہ اس میں مزید گہرائی اور تقویت آنی چاہیے۔
انہوں نے کہا تھا کہ فلسطینی مظاہرین نے ایک اسرائیلی فوجی سے اس کا اسلحہ چھین لیا تھا مگر عباس ملیشیا نے چھینا گیا اسلحہ اسرائیلی فوجی کو واپس کرنے کے ساتھ دونوں اہلکاروں کو بہ حفاظت اسرائیلی فوجی کیمپ میں پہنچایا ہے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل جنین شہر میں دو اسرائیلی فوجیوں کو فلسطینی مظاہرین نے یرغمال بنا لیا تھا۔ بعد ازاں عباس ملیشیا نے مدخلت کرکے دونوں اسرائیلی فوجیوں کو چھڑا لیا اور انہیں اسرائیلی فوج کے حوالے کردیا گیا۔
