رام اللہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی اتھارٹی نے اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے کی صیہونی کالونیوں کو اسرائیل کا حصہ قرار دینے کی صیہونی کوششوں کی شدید مذمت کی ہے۔ فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ غرب اردن کی صیہونی کالونیوں کے بارے میں اسرائیلی ریاست کا کوئی بھی اقدام امن مساعی پر براہ راست حملہ تصور ہوگا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی اتھارٹی کے ترجمان نبیل ابو ردینہ نے کہا کہ مقبوضہ غرب اردن اور مقبوضہ بیت المقدس کا صیہونی ریاست میں الحاق کی کوششیں بچی کچھی امن کوششیں بھی ختم کردیں گی۔خیال رہے کہ گذشتہ روز اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے کہا تھا کہ انہوں نے امریکی انتظامیہ سے غرب اردن کی صیہونی کالونیوں کو اسرائیل میں ضم کرنے کی بات کی ہے تاہم امریکا نے اسرائیل کے اس دعوے کی سختی سے تردید کی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ اسرائیل کی طرف سے یک طرفہ طور پر غرب اردن اور بیت المقدس کے بارے میں اقدامات عدم استحکام اور کشیدگی کے سوا کوئی فائدہ نہیں دیں گے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اسرائیل کی طرف سے غرب اردن کے بارے میں کوئی فیصلہ تنازع کے سیاسی حل کی عالمی کوششوں کو تباہ کردے گا۔
ابو ردینہ کا کہنا تھا کہ صیہونی ریاست کے لیے یہ مناسب نہیں کہ وہ عالمی قوانین اور قراردادوں کو بائی پاس کرتے ہوئے من مانی کرے اور فلسطین پر قبضے کی سازشوں کو آگے بڑھائے۔
