غرب اردن (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں تلاشی کی کارروائیوں کے دوران مزید آٹھ فلسطینیوں کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق سوموار کو علی الصباح اسرائیلی فوج نے گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں کے دوران فلسطینی قانون ساز کونسل کے منتخب رکن عمر عبدالرزاق سمیت آٹھ فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔رپورٹ کے مطابق قابض اسرائیلی فوج نے سابق فلسطینی وزیرخزانہ کو حراست میں لینے کے کئی گھنٹے کے بعد انہیں رہا کردیا۔
عمر عبدالرزاق کے بیٹے نے بتایا کہ ان کے والد کو دو ماہ قبل اسرائیل کی انتظامی حراست سے رہا کیا گیا تھا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ سوموار کو علی الصباح اسرائیلی فوج کی جنین میں الزنانہ کے مقام پر تلاشی کی کارروائی کی نگرانی جنگی طیاروں کی مدد سے بھی کی گئی۔ تلاشی کے دوران سابق اسیر سمیت متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے الزنانہ کالونی میں حسام طوقان کے گھر پر چھاپہ مارا اور انہیں حراست میں لے لیا۔
ادھر مشرقی نابلس میں قائم بلاطہ پناہ گزین کیمپ سے محمد ابو ھنطش کو حراست میں لیا گیا۔ ابو ھنطش کو گرفتاری کے وقت تشدد کا نشانہ بنایا جس کے بعد اسے نامعلوم مقام پر منتقل کردیاگیا۔ صیہونی فوج نے مغربی نابلس میں تل اوردیگرمقامات پر بھی چھاپے مارے اور فلسطینی شہریوں کےگھروں میں گھس تلاشی لی اور گاڑیوں کی بھی تلاشی لی گئی۔
