غزہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں پہلی خواتین لیڈیز سیکیورٹی اسکواڈ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا اہتمام کیا گیا جس میں 29 خواتین اہلکاروں کو تربیتی عمل سے گذارا گیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق غزہ میں وزارت داخلہ کے زیراہتمام سیکیورٹی کے شعبے میں خواتین کو تربیت دینے کے پروگرام کے تحت 29 خواتین اہلکاروں نے پریڈ میں حصہ لیا۔پاسنگ آؤٹ تقریب میں ڈائریکٹر داخلی سیکیورٹی میجر جنرل توفیق ابونعیم، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل پرائے سیکیورٹی سامی نوفل، ڈائریکٹر ٹریننگ بریگیڈیئر حقوقی عطیہ منصور، محکمہ داخلہ کے حکام، وزارتوں کے اہلکار اور سیکیورٹی کے شعبے کے دیگر عہدیداران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر پاسنگ آؤٹ کے مرحلے سے گذرنے والی خواتین نے مختلف جنگی فنونکی نمائش کی۔ ان تمام خواتین اہلکاروں کو چار ماہ کے ابتدائی تربیتی عمل سے گذارا گیا تھا۔ دوران تربیت خواتین کو امن وامان کے قیام کے حوالے سے جدید مہارتوں سے آگاہ کیا گیا۔
خیال رہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب غزہ کی پٹی میں خواتین کو سیکیورٹی کے شعبے میں تربیت دی گئی ہے۔