نابلس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) غاصب صیہونی فوجیوں نے غرب اردن کے شہر نابلس میں فلسطینیوں کے گھروں پر حملے کیے ہیں۔ جبکہ غرب اردن کے دیگر علاقوں میں صیہونی فوجیوں کے ساتھ جھڑپوں میں متعدد فلسطینی مظاہرین زخمی ہوگئے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صیہونی فوجیوں نے ایک انتہا پسند صیہونی کی ہلاکت کے بعد غرب اردن کے شمال مغربی شہر نابلس میں فلسطینیوں کے گھروں پر حملے کیے ہیں۔دوسری جانب صیہونی انتہا پسندوں نے نابلس کے قریب واقع ہوارہ ٹاؤن کے قریب فلسطینیوں کی گاڑیوں پر پتھراؤ کیا ہے۔ صیہونی فوجیوں نے نابلس کی مکمل ناکہ بندی کر رکھی ہے اور کرفیو نافذ کردیا ہے۔ دوسری جانب سے غرب اردن کے مختلف علاقوں میں بیت المقدس کے بارے میں امریکی صدر کے فیصلے کے خلاف مظاہرہ کرنے والے فلسطینیوں اور صیہونی فوجیوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی ہیں۔
فلسطین کے قومی اسلامی اتحاد نے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کیے جانے کے امریکی صدر کے فیصلے کے خلاف مظاہروں کی اپیل کی تھی جبکہ آئندہ جمعے کو یوم غضب منانے کا اعلان کیا ہے۔ صیہونی فوجیوں نے حسب معمول پرامن فلسطینی مظاہرین کے خلاف طاقت کا بے جا استعمال کیا جس کے نتیجے درجنوں فلسطینی زخمی ہوگئے۔اسرائیلی فوجیوں نے طولکرم کے علاقے سے کم از کم سترہ فلسطینیوں کو اغوا بھی کرلیا جن میں سے متعدد کو حال ہی میں رہا کیا گیا تھا۔
