رام اللہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صیہونی ریاست کی جانب سے فلسطینی اراضی کو ہتھیانے کا سلسلہ 2017ء کے دوران بھی پوری شدت کے ساتھ جاری رہا۔ ایک رپورٹ کے مطابق گذشتہ برس مجموعی طور پر صیہونی آباد کاروں اور صہیونی حکومت نے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں فلسطینیوں کی 9 ہزار 784 دونم اراضی پرغاصبانہ قبضہ کیا۔
خیال رہے کہ ایک دونم اراضی ایک ہزار مربع فٹ پر مشتمل ہوتی ہے۔فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی لینڈ ریسرچ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ برس صیہونی فوج نے فلسطینیوں کی 500 رہائشی تنصیبات پرغاصبانہ قبضہ کیا جب کہ 855 املاک کو مسمار کرنے کے نوٹس جاری کیے۔
رپورٹ کے مطابق گذشتہ برس اسرائیل نے فلسطینی علاقوں میں 8 نئی کالونیاں قائم کیں اور 3122 نئے گھر تعمیر کیے گئے جب کہ 60 نئی صیہونی کالونیوں کے لیے منصوبہ بندی شروع کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق بیت المقدس اور مسجدا قصیٰ پر صیہونی آباد کاروں کے دھاوے بھی جاری رہے۔ 900 بار صیہونی آباد کاروں اور شرپسندوں نے قبلہ اوّل پر دھاوے بولے۔
چھ دسمبر دو ہزار سترہ کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دیے جانے کے بعد کنیسٹ میں غرب اردن کو صیہونی ریاست میں ضم کرنے کے لیے سازشیں تیز ہوگئیں۔
