واشنگٹن (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) امریکی نائب صدر مائیک پنس نے اپنا مشرق وسطیٰ کا دورہ ملتوی کردیا ہے۔ مائیک پنس آج منگل سے مشرق وسطیٰ کے ممالک کا دورہ کرنے والے تھے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق امریکی نائب صدر نے اپنا دورہ ایک ایسے وقت میں ملتوی کیا ہے جب امریکی حکومت کو اندرونی اور بیرونی دباؤ کا سامنا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے بیت المقدس کو اسرائیلی ریاست کا دارالحکومت قرار دیے جانے کے بعد مشرق وسطیٰ سمیت دوسرے ملکوں میں بھی احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ ادھر دوسری طرف داخلی سطح پرٹرمپ انتظامیہ نئے ٹیکس قانون پر رائے شماری کی تیاری کررہی ہے۔
خیال رہے کہ امریکی نائب صدر نے آج منگل سے مشرق وسطیٰ کا دورہ کرنا تھا۔ انہوں نے اپنا دورہ وسط جنوری 2018ء تک مؤخر کردیا ہے۔ تب تک پنس وائٹ ہاؤس میں رہیں گے تاکہ ضرورت پڑنے پر سینٹ میں صدر ٹرمپ کی ٹیکس اصلاحات پر رائے شماری کرائی جاسکے۔