غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صیہونی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ فوج نے غزہ کی پٹی سے متصل سب سے بڑی صیہونی کالونی’گوش ڈان‘ میں فلسطینیوں کے ممکنہ راکٹوں کو روکنے کے لیے خود دفاعی نظام ’آئرن ڈوم‘ نصب کردیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے صیہونی آباد کاروں کو غزہ کے قریب نہ جانے کےÂ احکامات بھی دیے ہیں اور تین مقامات پر سیاحت کے لیے آنے سے سختی سے روک دیا گیا ہے۔صیہونی فوج کی طرف سے یہودیوں کو کہا گیا ہے کہ وہ غزہ کی دیوار فاصل کے قریبی تین مقامات تلہ الاجراس، تلہ نزمیت اور یادگار (سیاہ تیر) کے قریب نہ آئیں کیونکہ فلسطینی مزاحمت کاروں کی طرف سے کسی بھی وقت کسی قسم کی کارروائی کی جاسکتی ہے۔
اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی سے متصل سمندری حدود بالخصوص زیکم ساحل پر صیہونیوں کو آنے سے روک دیا ہے۔
یہ پیش رفت 30 اکتوبر کو غزہ کی پٹی میں ایک سرنگ پر اسرائیلی بمباری اور اس کے نتیجے میں 12 فلسطینیوں کی شہادت کے تناظر میں دیکھی جا رہی ہے۔ اسرائیلی فوج کو خدشہ ہے کہ فلسطینی مزاحمت کار سرنگ پر حملے کا بدلہ لینے کے لیے کسی بھی وقت کوئی کارروائی کرسکتے ہیں۔
قبل ازیں اسرائیلی فوج نے بیت المقدس کے اطراف میں بھی آئرن ڈوم سسٹم نصب کیے تھے۔
