تہران – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے لبنان میں دوسری عالمی علما کانفرنس کے نام اپنے پیغام میں غاصب صیہونی حکومت کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے پر تاکید کی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے مزاحمتی تحریک کی عالمی علماء یونین کے سربراہ شیخ ماہر حمود کے نام اپنے پیغام میں اسرائیل کے خلاف جد وجہد اور جہاد پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا: فلسطین کی آزادی اور نجات کے مقدس جہاد کے سلسلے میں اللہ تعالی کا وعدہ قطعی اور یقینی ہے۔سید علی خامنہ ای نے اپنے پیغام میں فرمایا: فلسطین کی آزادی اور نجات کے سلسلے میں اسلامی ممالک کے علماء ، دانشوروں اور سیاستدانوں پر اہم ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔ اس مقدس جہاد میں اسلام اور مسلمانوں کی فتح یقینی ہے اور آج علماء اور دانشوروں کی کانفرنس اس سلسلے کی اہم کڑی ہے۔
لبنان میں دوسری عالمی علما کانفرنس بیروت میں فلسطین کے عنوان سے آج شروع ہوئی جو کل تک جاری رہے گی۔
شیخ ماہر حمود نے کہا ہے کہ مزاحمتی تحریک کی عالمی علماء یونین کی کانفرنس بالفوراعلامیے کے سو سال پورے ہونے کے موقع پر منعقد ہو رہی ہےاور اس کا مقصد یہ بتانا ہے کہ فلسطین علاقے کا اہم ترین مسئلہ ہے۔
