عمان – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے بعض ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے جن میں کہا گیا ہے کہ حماس نے اردن میں اپنے بیرون ملک سیاسی دفتر کے قیام کی درخواست کی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کے ترجمان رافت مرہ نے ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ اخبارات میں حماس کی طرف سے اردن میں سیاسی دفتر کے قیام کے لیے درخواست دیے جانے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ ذرائع ابلاغ حماس اور اردن کے درمیان تعلقات کے حوالے سے غلط فہمی پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
خیال رہے کہ بعض ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی خبروں میں کہا گیا ہے کہ حماس نے حال ہی میں اردن سے عمان میں اپنے سیاسی دفتر کے قیام کی درخواست کی تھی۔
یہ افواہیں حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ کے اردنی فرمانروا شاہ عبداللہ دوم کے ساتھ ہونے والی ٹیلیفونک بات چیت کے بعد سامنےآئی ہیں۔
