غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی اتھارٹی کے ہاں تعینات سوئٹرزلینڈ کے سفیر ڈیکاف سوئس فاؤنڈیشن کے چیئرمین تھامس جیریر نے گذشتہ روز غزہ کی پٹی کے دورے کے دوران اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ سے ملاقات کی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پہلے بند کمرے میں ملاقات کی۔ بعد ازاں ان کی ملاقات میں حماس کی قیادت اور دیگر حکام بھی شامل ہوگئے تھے۔اسماعیل ھنیہ اور سوئس سفیر کے درمیان ہونے والی ملاقات کی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں تاہم دونوں کی ملاقات کی تصاویر ذرائع ابلاغ میں شائع کی گئی ہیں۔
قبل ازیں فلسطینی اتھارٹی کے ہاں تعینات روسی سفیرحیدر اغانین نے بھی غزہ کے دورے کے دوران حماس کے لیڈر اسماعیل ھنیہ سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں فلسطین میں حال ہی میں طے پائے مصالحتی معاہدے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
