’ماسکو – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) کویت کی پارلیمنٹ (مجلس الامۃ) کے اسپیکر مرزوق الغانم نے بدھ کو روس میں ہونے والے عالمی پارلیمانی اجلاس میں صیہونی ریاست کے وفد کو نکال باہر کیا جس پر نہ صرف فلسطینی قوم پر بلکہ عرب اور مسلم دنیا کی طرف سے ان کی تحسین کی گئی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق روس کے شہر سینٹ پیٹرس برگ میں عالمی پارلیمان کے 137 اجلاس کے دوران جب مرزوق الغانم کو تقریر کی دعوت دی گئی تو انہوں نے اجلاس میں صہیونی پارلیمانی وفد کی موجودگی پرسخت برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے صیہونی وفد کو قاتل اور غاصب قرار دیتے ہوئے فوری طور ہال سے نکل جانے کا مطالبہ کیا۔ کویتی اسپیکر کے مطالبے کے بعد صیہونی وفد کو شدید سبکی کا سامنا کرنا پڑا اور وہ اجلاس سے باہر نکل گیا۔اس موقع پر اسرائیلی وفد کے سربراہ کو مخاطب کرتے ہوئے مرزوق الغانم نے کہا کہ ’پارلیمانی رہنماؤں کا رد عمل دیکھنے کے بعد آپ ہال سے نکل جائیں۔ اگر آپ میں ذرا برابر بھی غیرت ہے تو تمہیں یہاں نہیں ہونا چاہیے‘۔ انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اے قاتل اور غاصب اجلاس سے فوری طور پر دفع ہو جا۔ تو بچوں کا قاتل ہے۔ اسرائیل جو کچھ کررہا ہے وہ ریاستی دہشت گردی ہے۔ تم پر وہ مثل صادق آتی ہے کہ‘جس میں حیا نہ رہے وہ جو چاہے کرتا پھرے‘۔
مرزوق الغانم کی گفتگو کے بعد صیہونی وفد منہ لٹکائے اجلاس سے باہر نکل گیا۔
بعد ازاں اسرائیلی وفد کے سربراہ نحمان شائی نے احتجاج کیا مگر اس کے احتجاج کو عالمی پارلیمان کی جانب سے مسترد کردیا گیا۔ اجلاس میں شریک ارکان پارلیمان نے کہا کہ صیہونی ریاست جعلی جمہوریت کا ڈھنڈورا پیٹ رہی ہے۔ جمہوریت کی آڑ میں فلسطین میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں جاری ہیں۔ صیہونی ریاست دنیا کے 176 رکنی پارلیمان میں شرکت کرنے اور نمائندگی کا حق نہیں رکھتا۔
