مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی وزیر دفاع آوی گیڈور لائبرمین نے دھمکی دی ہے کہ کسی بھی دشمن کی جانب سے حملے کے خطرے کی صورت یا جنگ کی حالت میں اسرائیل جوابی کارروائی میں شہری آبادی کو نشانہ بنائے گا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فوج کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لائبرمین نے کہا کہ اسرائیل کو کئی محاذوں سے خطرات درپیش ہیں۔ اگر اسرائیل کو کسی دشمن کے خلاف جنگ پر مجبور ہونا پڑتا ہے تو ایسی صورت میں عام شہری آبادی کے اندر بمباری کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ دور میں ہونے والی کوئی بھی جنگ ماضی کی جنگوں کی نسبت کافی مخلف ہوگی۔ جب ہمارے دشمن ہمیں ماریں گے اور سرخ لکیریں عبور کریں گے تو دشمن کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ اسے بھی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔ ہم اس بات کا خیال نہیں رکھیں گے کہ جنگ کی صورت میں کسی ملک کی خود مختاری متاثر ہوتی ہے یا نہیں۔
لائبرمین نے کہا کہ خطے کی صورت حال تیزی کے ساتھ تبدیل ہو رہی ہے۔ ہمیں افسوس ہے کہ ہم ایک تبدیل شدہ مشرق وسطیٰ میں رہ رہے ہیں۔ ماضی کی نسبت موجودہ مشرق وسطیٰ بری طرح ٹوٹ پھوٹ کا شکار اور بہت برا ہوچکا ہے۔ ہمیں اب خطے کےحالات کے تناظر میں مشکل فیصلے کرنا ہوں گے۔
