مکہ مکرمہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے ایک اور شہری فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد گذشتہ روز مکہ مکرمہ میں انتقال کرگئے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی حج کمیشن کے محکمہ اطلاعات کے انچارج ادھم البلتاجی نے بتایا کہ 69 سالہ حاجی خلیل طہ یاسین فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد اچانک صحت خراب ہونے کے بعد مکہ مکرمہ میں شاہ عبداللہ میڈیکل کمپلیکس میں داخل کیے گئے۔البلتاجی نے بتایا کہ حاجی یاسین نے حج کے تمام مناسک اچھے طریقے سے خود ادا کیے۔ حج سے فراغت کے بعد ان کی اچانک حالت خراب ہوگئی تھی جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ گذشتہ روز دار فانی سے کوچ کرگئے۔
جدہ میں فلسطینی قونصل خانے سے رابطے کے بعد حاجی یاسین مرحوم کو مکہ مکرمہ ہی میں دفن کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل تین فلسطینی عمر رسیدہ خواتین فریضہ حج کی ادائیگی کے دوران اور اس کے بعد مکہ اور مدینہ منورہ میں انتقال کرچکی ہیں۔
