فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اقوام متحدہ میں لبنان کے مستقل مندوب جبرال باسل نے سلامتی کونسل میں شکایت دائر کی ہے جس میں صہیونی ریاست کی جانب سے لبنان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر احتجاج کے ساتھ اقوام متحدہ سے اس کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
لبنانی حکومت نے اپنے موقف میں واضح کیا ہے کہ ان کی ملک کی فضائی حدود کی خلاف ورزی لبنان کی خود مختاری کو خطرے میں ڈالنے کی کوشش ہے۔
خیال رہے کہ تین روز قبل اسرائیل کے جنگی طیاروں نے لبنان کی فضائی حدود سے گذر کر شام میں ایک اسلحہ فیکٹری پر بمباری کی تھی جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور کئی عمارتیں تباہ ہوگئی تھیں۔
لبنان نے شام میں بمباری کے لیے اپنی فضائی حدود کو بغیر اجازت استعمال کرنے کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلامتی کونسل اسرائیل کو لبنان کی فضائی خود مختاری کے تحفظ کا پابند بنائے اور آئندہ کے لیے اس طرح کی کارروائیوں سے سختی سے روکے۔
