فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق یوتھ اسلامی کانفرنس برائے ڈائیلاگ وتعاون کے چیئرمین الشاد اسکندروف اور فلسطینی فٹ بال فیڈریشن کے چیئرمین جبرل الرجوب نے ’القدس پروٹول‘ پر دستخطی مہم کا آغاز جمعرات کو کیا۔ کل جمعہ کو بھی اس پروٹوکول پر دستخطوں کے حصول کا سلسلہ جاری رہا۔
دستخطی مہم کے آغاز میں استنبول میں ایک تقریب سے خطاب میں یوتھ اسلامی کانفرنس برائے ڈائیلاگ وتعاون کے چیئرمین اسکندروف نے کہا کہ القدس کو 2018ء کے دوران نوجوانوں کا دارالحکومت قرار دینے کا مقصد فلسطینی مقدسات بالخصوص مسجد اقصیٰ اور القدس کے حوالے سے بین الاقوامی سطح پر نوجوانوں میں شعور اجاگر کرنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ القدس کو نوجوانوں کا دارالخلاف قرار دینے سے بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے ساتھ ساتھ فلسطینی قوم کے ساتھ بھی یکجہتی کا موقع ملے گا۔
اس کے ساتھ ساتھ ترکی میں نوجوان نسل کو فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی مظالم کے بارے میں آگاہی کے حصول اور فلسطینی مقدسات کی اہمیت کا ادراک پیدا ہوگا۔
درایں اثناء فلسطینی فٹ بال فیڈریشن کے سربراہ جبریل الرجوب نے کہا کہ القدس کو نوجوانوں کا دارالحکومت قرار دینے کے بعد بیت المقدس کے 4 لاکھ فلسطینیوں کے حقوق کو اجاگر کرنے، مسجد اقصیٰ اور بیت المقدس میں دیگر مقدسات کے تحفظ کے لیے رائے عامہ ہموار کرنے میں مدد ملے گی۔