استنبول – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) بیت المقدس اور مسجد الاقصی کے بارے میں او آئی سی کے وزرائے خارجہ کا استنبول اجلاس ایک بیان جاری کرکے ختم ہوگیا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق او آئی سی کے ایک روزہ اجلاس میں جو منگل کی رات استنبول میں اختتام پذیر ہوا چوالیس اسلامی ملکوں کے مندوبین نے شرکت کی تھی۔ ایران کی جانب سے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے اش اجلاس میں حصہ لیا تھا۔استنبول اجلاس کے اختتامی بیان میں فلسطینی علاقوں میں صیہونی حکومت کے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے مسلمانوں کے قبلہ اوّل مسجد الاقصی اور بیت المقدس کی حفاظت کے لئے امت اسلامیہ کے اتحاد پر زور دیا گیا ہے۔
اجلاس میں تقریر کرتے ہوئے ایران کے وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے بھی کہا کہ عالمی براداری کو چاہئے کہ وہ صیہونی حکومت کے مظالم کو بند کرائے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو صیہونی حکومت کے فریب اور سازشوں کا شکار نہیں ہونا چاہئے اور کسی کو بھی اس بات کی اجازت نہیں ہونی چاہئے کہ وہ مسلمانوں کے درمیان اختلاف پیدا کرے۔
ترکی کے وزیرخارجہ نے بھی کہا کہ اسلامی ملکوں کو چاہئے کہ وہ غاصب صیہونی حکومت کے مظالم کے مقابلے میں فلسطینی عوام کی عملی حمایت کریں۔
