مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) جمعہ کے روز سے مسلسل بند قبلہ اوّل میں ناپاک صہیونی فوجی اس مقدس ترین مقام میں کیا کر رہے ہیں؟ اس حوالے سے ایک مقامی خاتون سماجی
کارکن نے لرزہ خیر انکشافات کیے ہیں۔ خاتون سماجی کارکن کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج قبلہ اوّل کی سجدہ گاہوں میں جگہ جگہ سیگریٹ نوشی کررہی ہے اور مسجد میں ہرطرف گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔ قرآن پاک کی نسخے، کتب احادیث اور دیگر کتابیں الماریوں سے نکال کر فرش پر پھینک دی گئی ہیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بیت المقدس سے تعلق رکھنے والی خاتون کارکن ھنادی الحلوانی جو قبلہ اوّل میں صہیونی فوج کے اقدامات کی عینی شاہدہ ہیں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجی اور پولیس اہلکار بار بار قبلہ اوّل میں داخل ہو کر وہاں موجود ایک ایک چیز کی بار بار تلاشی لیتے ہیں۔
الحلوانی نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے جمعہ کے روز سے اب تک قبلہ اوّل کی تلاشی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ صہیونی فوجی وقفے وقفے سے مسجد اقصیٰ میں داخل ہو کر اس کی بے حرمتی کرتے اور تلاشی کی آڑ میں وہاں توڑپھوڑ کرتے ہیں۔
الحلوانی کا کہنا ہے کہ صہیونی فوج نے مسجد کے تمام ہالوں، گیلریوں، اس کے دفاتر، قبلہ اوّل سے متصل فلسطینی محکمہ اوقاف کے دفاتر، مرمتی کمیٹی کے دفتر، محافظ خانے، ڈسپنسری، قبلہ اوّل کے عجائب گھر، منبر، الماریوں حتیٰ کی میناروں کی بھی تلاشی لیتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے مسجد کے تمام دروازوں، دفاتر کی قفل شدہ الماریوں کے تالے توڑ دیے ہیں۔ قبۃ الصخرہ کی پانچ بار تلاشی لی گئی ہے۔ الصخرہ کے صحن کو کھول دیا گیا ہے اور وہاں پر موجود تمام دفاتر میں بڑے پیمانے پر توڑپھوڑ کی گئی ہے۔ دفاتر میں ہرچیز بکھرے پڑی ہے اور قیمتی سامان کو غیرمعمولی نقصان سے دوچار کیا گیا ہے۔
خاتون سماجی کارکن نے بتایا کہ گذشتہ شب اسرائیلی فوج کی ایک سفید رنگ کی gmc ماڈل کی پک اپ قبلہ اوّل میں داخل ہوئی جس پر توڑپھوڑ کے آلات لائے گئے تھے۔
صہیونی فوج اور تفتیش کاروں نے مسجد کے چندہ بکس کا تالہ توڑنے کے بعد اس میں موجود چندے کی رقم بھی لوٹ لی ہے جب کہ مسجد کے مصلوں اور کارپٹ کو بھی نقصان پہنچایا گیا ہے۔
صہیونی فوجی مسجد اقصیٰ کے اندر جا کر سیگریٹ نوشی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔
