مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس سے ایک فلسطینی نوجوان کو حراست میں لے کرنامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔ صہیونی فوج کا کہنا ہے کہ گرفتار فلسطینی نے باب العامود کے مقام پر ایک پولیس اہلکار پر حملہ کرکے اسے زخمی کر دیا تھا۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی پولیس کی خاتون ترجمان لوبا السمری نے ایک بیان میں کہا کہ ایک فلسطینی اہلکار نے بیت المقدس میں ایک پولیس اہلکار پر چاقو سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار زخمی ہوا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ زخمی پولیس اہلکار کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں اس کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔
مقامی فلسطینی ذرائع اور عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ صہیونی فوج نے ایک فلسطینی نوجوان کو باب العامود سے حراست میں لینے سے قبل وحشیانہ تشدد کانشانہ بنایا۔ بعد ازاں اسے تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ حراست میں لیے گئے فلسطینی نوجوان کی شناخت نہیں ہوسکی۔
