غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے محاصرہ زدہ علاقے غزہ کی پٹی میں اسرائیل کی طرف سے غزہ کی گیارہ سال سے جاری ناکہ بندی کے خلاف مقامی شہری مسلسل سراپا احتجاج ہیں۔
گذشتہ روزغزہ کے مشرقی علاقے البریج کیمپ میں سیکڑوں فلسطینیوں نے غزہ کی ناکہ بندی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مشرقی البریج میں تل ام الحسینیہ کے مقام پر سیکڑوں فلسطینیوں نے غزہ کی ناکہ بندی کے خلاف ریلی نکالی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں فلسطینی پرچم اٹھا رکھے تھے۔ انہوں نے بہ طور احتجاج ٹائر جلا کر احتجاج کیا۔
فلسطینی شہریوں نے احتجاجی مظاہرے کے بعد صہیونی چیک پوسٹ کی طرف بڑھنے کی کوشش کی تو صہیونی فوج نے ان پر آنسوگیس کی شیلنگ کی اور ربڑ کی گولیوں کا استعمال کیا۔
ایک مقامی فلسطینی عہدیدار محمود ابو سویرح نے کہا کہ احتجاجی مظاہرہ تمام فلسطینی تنظیموں کی طرف سے بلایا گیا تھا۔
خیال رہے کہ اسرائیل نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کی ناکہ بندی کررکھی ہے جس کے نتیجے میں غزہ کی پٹی میں پانی اور بجلی کابدترین بحران جاری ہے۔