غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے غزہ کی پٹی کے علاقے کے صدر یحییٰ السنوار کی قیادت میں جماعت کا وفد مصر کے نو روزہ دورے کے بعد گذشتہ شام واپس غزہ لوٹ آیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس وفد غزہ کی پٹی اور مصر کے درمیان آمد ورفت کے لیے استعمال ہونے والی راہ داری سے واپس غزہ پہنچا۔حماس کے مقرب ذرائع کے مطابق Â جماعت کے وفد نے اپنے نو روزہ دورہ مصر کےدوران مصری حکام سے دو طرفہ امور پرتفصیلی بات چیت کی۔
حماس کا وفد نو روز قبل اتوار کو قاہرہ پہنچا تھا جہاں انہوں نے مصری حکومت کے اہم عہدیداروں سے تفصیلی بات چیت کی۔ ذرائع کے مطابق حماس اور مصری حکام کے درمیان ہونےوالی ملاقاتوں میں فلسطین کی تازہ ترین صورت حال، غزہ کی پٹی کی معاشی ناکہ بندی میں نرمی کرنے، رفح گذرگاہ کھولنے، فلسطین میں یہودی آباد کاری اور مسجد اقصیٰ کی روزمرہ کی بنیاد پر یہودی آباد کاروں کے ہاتھوں بے حرمتی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
حماس کے ترجمان حازم قاسم نے جماعت کے وفد کی قاہرہ کے دورے سے غزہ واپسی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا یہ وفد غزہ میں حماس کے صدر یحییٰ السنوار کی قیادت میں قاہرہ پہنچا تھا۔ وفد میں جماعت کے سیاسی شعبے کے رکن روحی مشتہی اور سیکرٹری داخلہ میجر جنرل توفیق ابو نعیم شامل تھے۔
حماس وفد کے دورہ مصر کو مقامی اور مصری ذرائع ابلاغ نے بھی غیرمعمولی اہمیت ی۔ اس موقع پر غزہ کی پٹی کی بین الاقوامی گذرگاہ رفح کے کھولے جانے اور اشیائے خوردو نوش کی ترسیل میں سہولت اور غزہ کی پٹی میں بجلی کے بحران سے متعلق بات چیت کی گئی۔
سوموار کو حماس کے ایک مقرب ذریعے نے بتایا تھا کہ مصر میں حماس کے وفد کی عزت و احترام کے ساتھ آؤ بھگت کی گئی۔ مصری حکام نے حماس کی طرف سے اٹھائے گئے مطالبات پرسنجیدگی سے غور کیا اور مشترکہ مفادات کےتحت غزہ اور مصر کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کی کوششوں کو سراہا۔
