فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس رہنما ڈاکٹر ابو مرزوق نے ان خیالات کا اظہار بیروت میں فلسطینی قیادت سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ حماس عرب ممالک کے درمیان داخلی سطح پر پیدا ہونے والے اختلافات میں خود کو غیر جانب دار رکھے گی۔ حماس صرف قضیہ فلسطین سے اپنا تعلق قائم رکھتے ہوئے مزاحمت کے آپشن کو اختیار کرے گی۔
خیال رہے کہ پانچ جون کو سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور بحرین نے قطرسے سفارتی تعلقات ختم کرتے ہوئے اپنے ہاں موجود قطری شہریوں کو ملک چھوڑنے اور قطر میں مقیم اپنے شہریوں کو واپس بلالیا تھا۔
گذشتہ روز حماس رہنما ابو مرزوق کی قیادت میں جماعت کے وفد نے لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری سے ملاقات کی۔ ملاقات میں لبنان میں حماس کے مندوب اسامہ حمدان، احمد عبدالھادی، رافت مرہ وار ابراہیم صلاح بھی موجود تھے۔
لبنانی اسپیکر سے ملاقات میں فلسطین کی تازہ ترین صورت حال، اسرائیلی جارحیت اور غزہ کی پٹی کے محاصرے پر بات چیت کی گئی۔