مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق قبرص اور اسرائیل نے پیش آئند ایام میں مشترکہ فوجی مشقیں کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ مشقیں قبرص کی سرزمین پر ہوں گی جن میں کم سے کم 400 اسرائیلی فوجی حصہ لیں گے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیل کے عبرانی اخبار’ہارٹز‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ چار سو اسرائیلی فوجی کمانڈوز کو مشقوں کے لیے ایک ہفتے کے لیے قبرص کے پہاڑی علاقے روڈوس بھیجا جائے گا۔ ان کے ساتھ بلیک ہاک ہیلی کاپٹر بھی بھیجے جائیں گے۔یہ مشقیں آئندہ اتوار کو شروع ہوں گی جو ایک ہفتے تک جاری رہیں گی۔ دونوں ملکوں کےدرمیان جزیرےمیں یہ اپنی نوعیت کی سب سے بڑی مشترکہ مشقیں قرار دی جا رہی ہیں۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے قبرص کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقوں کا اعلان کیا گیا ہے مگر اس کی مزید تفصیلات بیان نہیں کی گئیں۔
خیال رہے کہ حالیہ کچھ عرصے کے دوران صہیونی ریاست میں فوجی مشقوں کے رحجان میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔