مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین میں ماہ صیام کے باوجود صہیونی اشرار کی جانب سے قبلہ اوّل کی مسلسل بے حرمتی کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ روز اسرائیلی پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں 131 صہیونی آباد کاروں نے قبلہ اوّل میں گھس کر نام نہاد مذہبی رسومات کی ادائیگی کی آڑ میں مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق سوموار کو دن کے پہلے حصے میں پولیس کی فول پروف سیکیورٹی میں 91 صہیونی آباد کاربا المغاربہ (مراکشی دروازے) سے داخل ہوئے اور کئی گھنٹے مسجد میں گھومنے پھرنے کے بعد باب السلسلہ سے باہر نکلے۔ اس موقع پر اسرائیلی پولیس کی طرف سے یہودیوں کو فول پروف سیکیورٹی مہیا کی گئی تھی۔رپورٹ کے مطابق شام کے وقت پھر 40 صہیونی آباد کار قبلہ اوّل میں داخل ہوئے۔ ان میں صہیونی طلباء اور ان کے مذہبی رہنما بھی شامل تھے۔
صہیونی آباد کاروں کی طرف سے مسجد اقصیٰ پر یہ دھاوے ایک ایسے وقت میں بولے جا رہے ہیں جب دوسری طرف فلسطینی نمازی اور روزہ دار بھی عبادت کے لیے قبلہ اوّل آ رہے ہیں۔ اسرائیلی پولیس کی طرف سے فلسطینی روزہ داروں کو روکنے کے لیے طرح طرح کے حربے استعمال کیے جا رہے ہیں جب کہ صہیونی شرپسندوں کو کھلی چھٹی دی گئی ہے۔
