مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین میں کل سوموار کے روز اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کے خلاف اور اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی بھوک ہڑتالی اسیران کی حمایت میں نکالی گئی ریلیوں پر اسرائیلی فوج نے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں ایک شہری شہید اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز فلسطین بھر میں اسیران کی حمایت میں شٹرڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی گئی۔ اس موقع پر تعلیمی ادارے اور کاروباری مراکز بھی بند رہے۔بھوک ہڑتالی اسیران کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ہزاروں فلسطینی غرب اردن کے شہروں ، بیت المقدس، اندورن فلسطین اور غزہ میں سڑکوں پر نکلے۔ صہیونی ریاست کی دہشت گردی اور اسیران کے خلاف انتقامی کارروائیوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
اسرائیلی فوج نے فلسطینی مظاہرین کو منشتر کرنے کے لیے ان پر لاٹھی چارج کیا، آنسویگ کی شیلنگ کی اور دھاتی گولیوں سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں بیسیوں فلسطینی شدید زخمی ہوئے۔
دریائے اردن کے مغربی کنارے کے کئی شہروں اور بیت المقدس میں صہیونی کالونیوں اور فلسطینی آبادیوں کو باہم ملانے والے مقامات (نقاط تماس) میں فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فوج میں تصادم بھی ہوا۔ فلسطینی شہریوں نے صہیونی فوج پر سنگ باری کی۔ جواب میں قابض فورسز نے مظاہرین پر لاٹھیاں برسائیں اور آنسوگیس کی شیلنگ کی۔
ہلال احمر فلسطین کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقوں رام اللہ، نابلس، الخلیل، طولکر اور بیت لحم میں جگہ جگہ فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج میں تصادم ہوا جس میں دسیوں فلسطینیوں کوشدید زخمی کیا گیا۔
