ایشیا – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) ایشیا، افریقہ اور لاطینی امریکہ کے مصنفین کی یونین نے بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی قیدیوں سے اپنی یکجہتی کا اعلان کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ایشیا، افریقہ اور لاطینی امریکہ کے مصنفین کی یونین کے سیکریٹری جنرل محمد سلماوی نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ صیہونی حکومت کی جیلوں میں فلسطینی عوام کی انتفاضہ، امن و آزادی کے حصول کے لئے ان کی جدو جہد کا تسلسل ہے۔انھوں نے کہا کہ پورے فلسطین اور بیرون فلسطین کئے جانے والے عوامی مظاہرے، فلسطینی قیدیوں کی کامیابی کی علامت ہے۔ محمد سلماوی نے عالمی برادری سے اپیل کی وہ صیہونی حکومت کے جرائم کو بے نقاب اور بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی قیدیوں کی حمایت اور ان کے حقوق کا دفاع کرے۔
لبنان کی تحریک مزاحمت کے حامی علما کی عالمی یونین کے سربراہ ماہر حمود نے بھی صیہونی حکومت کی جیلوں میں بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی قیدیوں کی حمایت کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انھوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل اور اس کے حامیوں سے ہمیں کوئی خوف نہیں ہے اور جب تک فلسطینی قیدیوں کی مانند بہادر جیالے موجود رہیں گے مسلمانوں کو کامیابی حاصل ہوتی رہے گی۔
دریں اثنا مقبوضہ فلسطین ارتھوڈوکس لاٹ پادری عطاء اللہ حنا نے صیہونی حکومت کی جیلوں میں بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی قیدیوں کی حمایت میں بھوک ہڑتال شروع کردی۔
لبنان کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری نے بھی صیہونی حکومت کی جیلوں میں بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینیوں کی حمایت کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انھوں نے لبنان کے پارلیمانی اراکین اور مختلف سیاسی شخصیات سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لبنان نے ہمیشہ فلسطین کے انقلابی اصول سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور وہ فلسطینیوں کا دفاع کرتا رہا ہے۔ انھوں نے فلسطینی قیدیوں کی حمایت میں لبنان کے سابق وزیر اعظم سلیم الحوص کی ایک روزہ بھوک ہڑتال کی قدردانی بھی کی۔
دوسری جانب بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی قیدیوں کے بارے میں اطلاعات فراہم کرنے والی کمیٹی نے خبر دی ہے کہ مقبوضہ فلسطین میں صیہونی حکومت کی مختلف جیلوں میں فلسطینی قیدیوں کی ایذا رسانی کا سلسلہ جاری ہے۔ اس خبر کے مطابق فلسطینی قیدیوں کو گندی کال کوٹھریوں میں رکھا جا رہا ہے جہاں ان کی حالت ابتر ہوگئی ہے اور وہ مختلف قسم کی بیماریوں میں مبتلا ہو گئے ہیں۔
واضح رہے کہ صیہونی حکومت کی جیلوں میں قید فلسطینیوں نے صیہونی حکام کے نسل پرستانہ رویے اور تشدد آمیز سلوک کی بنا پر سترہ اپریل سے بھوک ہڑتال کر رکھی ہے۔