رام اللہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صحافیوں کے حقوق کے لیے سرگرم بین الاقوامی تنظیم نے صہیونی ریاست کی جیلوں میں قید تمام فلسطینی صحافیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ’عالمی جرنلسٹ فیڈریشن‘ کی طرف سے کل سوموار کو جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی جیلوں میں 26 فلسطینی صحافی پابند سلاسل ہیں جن میں سے بیشتر کو بغیر کسی الزام کے حراست میں رکھا گیا ہے۔ انہیں عدالت میں پیش کیا جا رہا ہے اور نہ ہی ان کی رہائی کے احکامات صادر کیے جا رہے ہیں۔ صحافیوں کو طویل عرصے تک بغیر کسی جرم کے زیرحراست رکھنا بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔بیان میں اسرائیلی جیلوں میں بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی اسیران بالخصوص بھوک ہڑتال کرنے والے اسیران کی حمایت کی گئی اور بھوک ہڑتالی اسیران کے مطالبات تسلیم کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ صہیونی زندانوں میں پابند سلاسل 26 فلسطینی صحافیوں کا معاملہ انتہائی حساس ہے اور سنجیدگی کا تقاضا کرتا ہے۔ جس طرح اسرائیلی جیلوں میں 1500 سے زاید فلسطینی قیدی اجتماعی بھوک ہڑتال کررہے ہیں۔ اسی طرح زیرحراست صحافیوں کا معاملہ بھی انتہائی حساس ہے اور اسے فوری طورپر حل کرنے کی ضرورت ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیل کی جیلوں میں 6500 فلسطینی پابند سلاسل ہیں۔ ان میں 300 بچے، 57 خواتین، 1200 مریض اور 500 انتظامی حراست کے قیدی اور 26 صحافی شامل ہیں۔
