نابلس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی اتھارٹی کے ماتحت سیکیورٹٰی اداروں نے گذشتہ روز غرب اردن کے شہر نابلس میں دو اسرائیلی فوجیوں کو تحویل میں لینے کے بعد انہیں واپس اسرائیلی فوج کے حوالے کردیا۔ اسرائیلی فوجیوں کی صہیونیوں کو حوالگی کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے نابلس شہر کے مغرب میں رفیدیا کالونی کے قریب ایک مشتبہ کار کو روکا۔ اس کار میں دو مسلح اسرائیلی فوجی سوار تھے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اسرائیلی فوج کی ’مستعربین‘ یونٹ سے وابستہ ہیں۔ اس کے بعد انہیں فلسطینی اتھارٹی کی جنید جیل کی طرف لے جایا گیا۔ بعد ازاں انہیں اسرائیلی فوج کے حوالے کردیا گیا۔قبل ازیں اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں کے درمیان رفیدیا کالونی میں اس وقت کشیدگی پیدا ہوئی جب قابض فوج نے شہریوں کے گھروں پر دھاوے بولنا شروع کردیے۔ فلسطینی شہریوں نے قابض فوج پر سنگ باری کی۔ اسی دوران دو اسرائیلی فوجی فلسطینی ملیشیا نے قبضے میں لیے۔
یہ پہلا موقع نہیں جب عباس ملیشیا نے گرفتار اسرائیلیوں کو واپس صہیونی فوج کے حوالے کیا ہے۔ مغربی کنارے میں اس طرح کے واقعات اکثر پیش آتے ہیں۔