غزہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے غزہ کی پٹی میں بجلی کے بلوں پر اضافی ٹیکس عائد کیے جانے اور ایندھن کی فراہمی میں رخنہ ڈالنے کی سازشوں کے خلاف غزہ میں بجلی کی تقسیم کار کمپنی نے بھی احتجاج کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز غزہ کی پٹی میں الیکٹرک سپلائی اتھارٹی اور تقسیم کار کمپنیوں نے بہ طور احتجاج شام سات اور رات گیارہ بجے پورے غزہ میں بجلی بند کردی تھی۔غزہ میں پاور اتھارٹی کی طرف سے بجلی کے بریک ڈاؤن کا مقصد فلسطینی اتھارٹی کے خلاف جاری عوامی احتجاج کا حصہ بنتے ہوئے حکومت کے ظالمانہ اقدامات کے خلاف آواز بلند کرنا ہے۔
غزہ پاور اتھارٹی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ چند ماہ قبل غزہ کی پٹی میں بجلی کے بحران کے حل کے لیے قطر کی طرف سےایندھن فراہم کیا گیا تھا مگر حال ہی میں وہ ایندھن بھی ختم ہوگیا ہے۔ دوسری طرف فلسطینی اتھارٹی غزہ کی پٹی کو ایندھن کی فراہمی روکنے ساتھ بجلی کے بلوں پرناجائز ٹیکس عائد کررہی ہے۔
خیال رہے کہ محصور فلسطینی علاقے غزہ کی پٹی میں بجلی کا شدید بحران گذشتہ 11 سال سے جاری ہے۔ غزہ کے بیشتر علاقوں میں دن اور رات میں 16 سے 18 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جاتی ہے۔
غزہ کی پٹی کا واحد پاور جنریٹر ایندھن کی سپلائی معطل ہونے سے بند ہونے کے قریب ہے جب کہ مصر اور اسرائیل کی طرف سے غزہ کو بجلی کی سپلائی بھی ایک عرصے سے معطل ہے۔