مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی جیل میں قید ایک فلسطینی پروفیسردماغی عارضے کا شکار ہوئے ہیں جس کے بعد ان کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی جیل میں قید فلسطینی پروفیسر ڈاکٹرعصام الاشقر کی اہلیہ Â نے بتایا کہ ان کے شوہر کو گذشتہ روز دماغی عارضہ لاحق ہوا جس کے بعد انہیں جیل کی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔اسیر پروفیسر کی اہلیہ نے بتایا کہ پروفیسر الاشقر اس وقت ریمون جیل کی اسپتال میں زیرعلاج ہیں جہاں ان کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔
فلسطینی خاتون کا کہنا تھا کہ انہوں نے جیل کے اسپتال میں اپنے اسیر کی عیادت کی ہے۔ وہ مسلسل بے ہوش ہیں اور ان کی طبی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔
خیال رہے کہ فلسطینی پروفیسر عصام الاشقر فزکس کے استاد ہیں۔ وہ جامعہ النجاح میں مدرس ہیں۔ انہیں اسرائیلی فوج نے 24 نومبر 2016ء کو حراست میں لیا تھا۔ وہ ماضی میں بھی متعدد بار گرفتار کیے جا چکے ہیں۔ اس وقت وہ انتظامی حراست کی پالیسی کے تحت پابند سلاسل ہیں۔